حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر کوٹلی میں انتخابی حلقے کا اضافہ کرے‘محمود الحسن چوہدری

منگل 10 نومبر 2015 13:12

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر کوٹلی میں انتخابی حلقے کا اضافہ کرے،کوٹلی کا ضلع آبادی کے لحاظ سے آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ضلع ہے نیلم اور مظفرآباد میں حلقہ میں اضافہ ہو سکتا ہے تو کوٹلی میں کیوں نہیں ہو سکتا ،کوٹلی کی عوام نے جنہیں ووٹ دے کر اسمبلی میں بھیجا وہ اسمبلی میں جا کر عوام کو بھول گئے انتخابی حلقے میں اضافہ نہ ہونا ممبر اسمبلی کی نا اہلی کا ثبوت ہے،اقتدار کی ہوس اور برادری ازم کی وجہ سے اپنے مفادات کو بچانے کے لیے عوام کو ان کے بنیادی مسائل کے حل سے دور کیے ہیں کوٹلی کے عوام نکلیں اور حقوق غصب کرنے والوں کے خلاف علم بغاوت بلند کریں،ان خیالات کااظہار انہوں نے کوٹلی میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،محمود الحسن چودھری نے کہا کہ کوٹلی کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے موجودہ اور سابقہ دور حکومت نے اسے یکسر نظر انداز کیا راج محل فطری طور پر ایک علیحدہ حلقہ بنتا ہے جبکہ کوٹلی شہر میں شہری اور دیہاتی بنیاد پر مسائل کے حل کے لیے اضافے حلقے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ حلقہ میں اضافے سے تعمیر و ترقی کے مواقعے میسر آئیں گے سکولز اور ہسپتال کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہے ہیں سڑکیں تباہ حال ہیں برادری ازم کی بنیاد پر موجود ممبر اسمبلی پیش رفت نہیں کر رہا اور دیگر ممبران جو ضلع کوٹلی سے تعلق رکھتے ہیں ان کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے محمود الحسن چودھری نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت کوٹلی کے عوام کو بنیادی اور جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ،آمدہ انتخابات میںآ زمودہ لوگوں کے بجائے حقیقی قیادت کا انتخاب کریں پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے والوں کو عوام کے حقوق سے کوئی سرو کار نہیں بلکہ موسمی پرندے الیکشن کے موسم کے بعد 5سال نظر نہیں آتے،انہوں نے کہا کہ بار بار عوام کو ایک سوراخ سے ڈسا جا رہا ہے اگر اب کی بار عوام نے درست فیصلہ نہ کیا تو وہ اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارنے کے مترادف ہو گا ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ترقی کے اس دور میں آمد و رفت اور صحت تعلیم صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں تبدیلی چاہنے والے اور بنیادی حقوق کا حل چاہنے والے ہمارے ساتھ شامل ہوں تبدیلی کا ایجنڈا ہمارے پاس ہے عوام خدمت کاموقع دیں تو بنیادی مسائل5سال میں حل کر دیں گے۔