جی ٹی روڈ کھاریاں پر بنے غیر قانونی یو ٹرن پر حادثات معمول بن گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 10 نومبر 2015 12:20

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر۔2015ء)جی ٹی روڈ کھاریاں پر بنے غیر قانونی یو ٹرن پر حادثات معمول بن گئے۔ مرالہ پٹرولیم کے سامنے والا یو ٹرن خونی یو ٹرن بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس او پمپ کے سامنے والے یو ٹرن پر گذشتہ کئی سالوں سے ٹریفک حادثات میں کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور سینکڑوں افراد معذور ہو چکے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے راولپنڈی سے لاہور تک تمام شہروں میں جی ٹی روڈ پر باقاعدہ یو ٹرن بنا رکھے ہیں لیکن کھاریاں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سول ہسپتال ، پی ایس او پمپ اور کینٹ سے پہلے والا یو ٹرن انسانی جانوں کیلئے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ گاڑیوں کے علاوہ پیدل سڑک پار کرنے والوں کیلئے بھی کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔ اکثر جگہوں پر سڑک کی درمیانی دیوار توڑ کر راستہ بنایا گیا ہے۔ پیدل افراد جی ٹی روڈ کی تیز رفتار ٹریفک کے دوران انتہائی خطرناک ماحول میں سڑک پار کرنے پر مجبور ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ کھاریاں میں قانونی طور پر چار یو ٹرن بنائے جائیں ، پیدل سڑک کراس کرنے والوں کیلئے اوور ہیڈ برج بنایا جائے اور جی ٹی روڈ کے دونوں طرف سروس روڈ فی الفور تعمیر کیا جائے۔