ساہیوال،بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں ضلع بھرمیں 19نومبر کو انتخابات ہونگے

پیر 9 نومبر 2015 23:03

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن 2015 کے دوسرے مرحلہ میں ساہیوال ضلع میں 19نومبر کو انتخابات منعقدہونگے۔ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال غلام محمود ڈوگر کی زیرنگرانی سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے سیکیورٹی پلان کے مطابق ضلع ساہیوال میں کل 1006پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 203 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

انتخابی عمل کو پرامن اور احسن طریقے سے سرانجام دینے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پراور موبائل ڈیوٹی کیلئے4ایس پیز ‘20 ڈی ایس پیز‘283اپر سبارڈینیٹس‘ 803ہیڈکنسٹیبلز‘1927کانسٹیبلز اور کل 3037 پولیس ا فسران و جوان مامور کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کوئیک رسپانس فورس اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی ریزرو رکھی گئی ہیں جو لاء اینڈ آرڈر کی صو رتحال خراب ہونے پر فوری کاروائی کریں گی۔

(جاری ہے)

تما م تر سیکورٹی انتظامات کے اوور آل انچارج ڈی پی اوساہیوال ہونگے جبکہ پاکستان آرمی کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے۔ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال غلام محمود ڈوگر نے بتایاہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔اسلحہ کی نمائش ‘ہوائی فائرنگ ‘آتش بازی پر مکمل پابندی اورلائسنسی اسلحہ بھی ساتھ رکھنے اور کسی قسم کی بدمعاشی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ امیدوار جیت کی خوشی میں ریلیاں بھی نہیں نکالیں گے۔ خلاف ورزی پر بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔پولیس کارروائی کے علاوہ الیکشن کمیشن کو نااہلی کیلئے کیلئے لکھا جائے گااور کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائیگی۔