پاکستان نے افغانستان سے متعلق آئندہ ماہ اسلام آبادمیں ہونے والی کانفرنس میں بھارت کو شرکت کی دعوت دیدی

کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دہلی کو دعوت نامہ موصول ہوا ہے ، کانفرنس میں سشما سوراج کیشرکت کرنے یا نہ کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا،بھارتی سفارتی ذرائع

پیر 9 نومبر 2015 21:36

اسلام آباد/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) پاکستان نے افغانستان سے متعلق آئندہ ماہ اسلام آبادمیں منعقد ہونے والی اہم علاقائی کانفرنس میں بھارت کو شرکت کی دعوت دیدی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دفتر خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ افغانستان سے متعلق وزارتی کانفرنس اسلام آباد میں دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگی جس میں شرکت کیلئے 31 ممالک کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بھی ایک رسمی دعوت نامہ بھجوا یا گیا ہے ۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی دہلی نے پاکستان کی دعوت قبول کرلی تو دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان برف پگھلنے میں مدد ملے گی ۔کانفرنس 7 اور 8 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں آذربائیجان، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغستان، روس، سعودی عرب، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور افغانستان سمیت کئی ہمسایہ ممالک شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

ایک بھارتی سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرتصدیق کی ہے کہ کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دہلی کو دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے تاہم کانفرنس میں وزیر خارجہ سشما سوراج شرکت کریں گی یا نہیں اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ بھارت بھی افغانستان سے متعلق ہارٹ آف ایشیاء استنبول پراسس کا حصہ ہے ۔ہارٹ آف ایشیاء استنبول پراسس افغانستان میں ترقی کیلئے شروع کیا گیا تھا۔