جو لوگ اپنے محسنوں کو بھول جاتے ہیں تاریخ کبھی انہیں معاف نہیں کرتی ،سردار گلاب خان دوتانی

پیر 9 نومبر 2015 21:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء)دوتانی قومی اتحاد کے سربراہ اور بانی سردار گلاب خان دوتانی نے گزشتہ روز اپنے صوبائی دفتر میں ملنے والے ایک وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ اپنے محسنوں کو بھول جاتے ہیں تاریخ کبھی بھی انہیں معاف نہیں کرتی اور انہیں ظالم کے طور پریاد کیا جاتا ہے یوم اقبال کے حوالے سے اپنے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا یوم اقبال پر عام تعطیل کو منسوخ کرنا مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو فراموش کرنے کی مذموم کوشش ہے جس پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو اندھیرے، بدحالی، بدامنی اور معاشی ناہمواری جیسے مسائل میں دھکیل دیا ہے آج ہمارے پورے ملک میں غربت، مہنگائی، کرپشن کا دور دورہ ہے جبکہ عدل و انصاف ناپید نظر آتا ہے ان حالات میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ہی ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق کا بیڑہ اْٹھا رکھا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے پر زور دیتے ہیں لیکن سابقہ حکومتوں کی طرح حکومت وقت بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے دھاندلی سے اقتدار میں آنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔