درگئی،بائزی ایر ی گیشن سکیم میں ایک کروڑ 35لاکھ روپے کی مالی بد عنوانی پر اینٹی کرپشن کی کاروائی کا خیر مقدم

پیر 9 نومبر 2015 20:53

درگئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء ) بائزی ایر ی گیشن سکیم میں ایک کروڑ 35لاکھ روپے کی مالی بد عنوانی پر انٹی کرپشن کی کاروائی کا خیر مقدم۔ سکیم میں مالی بد عنوانی کے متاثرین کا لوٹی گئی رقوم برآمدگی پر زور۔ نائب تحصیلدار کے ساتھ شریک ملزمان کے بی بی اے منسوخی اور فوری گرفتاری کا مطالبہ ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا ء اوراحتساب کمیشن سمیت دیگر حکومتی اداروں سے بھی دائر درخواستوں پرنوٹس لینے کی اپیل۔

تفصیلات کے مطابق: بائزی ایر ی گیشن سکیم کیلئے اراضی فراہم کرنے والے یونین کونسل ورتیر کے متاثرین سید نواب ، یوسف خان ، دلاور شاہ ، زیارت گل ، خیر گل ، غلام رازق، رضاء محمد ، شیر زمین ، میاں اعظم شاہ ، بختی عمر ، حاجی گل نواب ، گل قیوم ،سلطنت خان ، نواب خان اور دیگر نے یہاں درگئی میں مشترکہ اخباری کانفرنس میں بائزی ایریگیشن سکیم کی اراضی کے مالی بد عنوانی میں ملوث نائب تحصیلدار جہانزیب خان کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور صوبائی حکومت سے ان متاثرین کے رقوم میں کرپشن پر کاروائی وانصاف فراہمی کی اپیل کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انٹی کرپشن مالاکنڈ کے متعلقہ حکام کو کاروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے کرپشن کا راستہ روکنے اور ان کی لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکیم میں کرپشن کے حوالے سے وہ گذشتہ کئی سال مختلف عدالتوں میں، حکومتی اداروں میں انصاف کی فراہمی کے لئے دروازے کھٹکھٹا چکے ہیں لیکن انہیں تا حال کوئی انصاف نہیں ملا اور بائزی ایری گیشن سکیم میں ان کی اراضی قیمت میں ایک کروڑ 35لاکھ روپے کی واضح کرپشن پر انہیں اپنے ہی زمینوں کی قیمت اور حقوق سے محروم رکھا گیا تاہم اب محکمہ انٹی کرپشن نے کاروائی کا آغاز کرکے متاثرین کے دل جیت لئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا ، پی ٹی آئی کے قائد عمران خان ، احتساب کمیشن صوبہ خیبر پختون خواء اور دیگر متعلقہ ادارے وحکام بھی ان متاثرین کو انصاف فراہمی کے لئے مذکورہ مالی بد عنوانی کے خلاف دائر درخواستوں پر کاروائی کر لیں گے ۔

انہو ں نے اس مالی بد عنوانی میں ملوث نائب تحصیلدار اوردیگر شریک ملزمان کی بی بی اے منسوخی اور فوری گرفتاری پر بھی زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :