حکومت نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر تعطیل ختم کرکے قوم کے احساسات اور جذبات مجروح کئے ہیں ‘عابد حسین صدیقی

پیر 9 نومبر 2015 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ بانیان مسلم لیگ کی پارٹی کا نام استعمال کرنے والی مسلم لیگ( ن) کا یوم اقبال کی عام تعطیل کو ختم کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے جس پارٹی نے بجلی کے نام پر ایک ہفتے میں دو چھٹیوں کا اعلان کیا تھا انہیں سال میں ایک چھٹی یوم اقبال کے حوالے سے ناگوار گزرتی ہے ۔

(جاری ہے)

یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر تعطیل ختم کرکے قوم کے احساسات اور جذبات مجروح کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے حکمران اور تعطیل ختم کرنے کے ذمہ داران گریبان میں جھانکیں ان کا اقتدار، دولت اور جاہ و جلال پاکستان کی مرہون منت ہے جس کے قیام کے لئے بانیان نے جان توڑ جدوجہد کی۔ حکومت کی طرف سے اقبال ڈے پر چھٹی کے خاتمے کا کوئی جواز نہیں یہ فیصلہ جس نے بھی کیا علامہ سے کدورت، بغض اور کینے کی بنا پر کیا ہے وزیر اعظم اس فیصلے کو فوراً واپس لیں۔

متعلقہ عنوان :