حکومت روپے کی ڈی ویلیو کے بجائے ویلیو پر توجہ دے‘خواجہ ضرار کلیم

ملک میں مہنگائی کا راج ہے ،غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے‘چیئرمین ایف پی سی سی آئی

پیر 9 نومبر 2015 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین خواجہ ضرار کلیم نے کہا کہ حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرے،روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کے باعث درآمدی مصنوعات کی کاروباری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جس سے برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔

حکومت روپے کی ڈی ویلیو کے بجائے ویلیو پر توجہ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرے کیونکہ مقامی کرنسی کی قدر کم ہونے سے معیشت کی ڈالر ائیزیشن کی رفتار بڑھ جاتی ہے جو ملکی مفاد کے منافی ہے۔ ڈالر ائیزیشن کے رحجان پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ورنہ روپیہ مزید بے قدر ہو جائے گا اور معاملہ ارباب اختیار کے ہاتھ سے نکل جائے گا ۔ ضرار کلیم نے مزید کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا راج ہے ،غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے۔روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کے باعث ملک میں مزید مہنگائی ہو جائے گی ۔