نوجوان علامہ محمد اقبال کے شاہین اور پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

پیر 9 نومبر 2015 18:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ نوجوان علامہ محمد اقبال کے شاہین اور پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں علامہ محمد اقبال کے تخلیقی جواہر پاروں سے نظر یاتی قوت حاصل کرنے والے نوجوانوں نے بانی پاکستان کی قیادت میں برصغیر کی تاریخ اور جغرافیہ بدل کررکھ دیا ۔

تعمیر پاکستان کے اس اہم مرحلہ پر آج اس عز م اور جذبہ کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم الامت علامہ محمداقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے مسلم لیگ ،،ن،، یوتھ ونگ کے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان غیروں کی فکر ی ومعاشی غلامی سے نجات اور سر اٹھا کر جینا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیز ترین ترقی کے خواب کی تعبیر بھی فلسفہ اقبال پر عمل ہونے میں ہے پاکستان کا نوجوان باصلاحیت اور پر عزم ہے پاکستان کے نوجوانوں کے ہوتے ہوئے پاکستان کو جدید ترقی کے دھارے سے کوئی قوت باہر نہیں رکھ سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان علامہ محمد اقبال کی فکر کا مطالعہ کریں اور عملی رہنمائی حاصل کریں علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کا درس دیا۔آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم علامہ محمد اقبال کے درس کو یاد رکھیں اور اس پر عمل پیر ا ہوں۔