معمولی کٹوتی سے بچنے کے لیے ہنڈی کا غیر قانونی اور اندھیرا راستہ اختیار کرنا اپنے آپ کو رسک میں ڈالنے کے مترادف ہے ،عبدالباسط

پیر 9 نومبر 2015 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کاروباری طبقہ سے کہا ہے کہ کاروبار میں ملکی قوانین کا احترام کریں اور روپے پیسے کے لین دین میں ہنڈی کا ذریعہ اپنانے سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا ذریعہ رسکی اور قابل گرفت ہے ․آج یہاں پیر کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں عبدالباسط نے کہا ہے کہ معمولی کٹوتی سے بچنے کے لیے ہنڈی کا غیر قانونی اور اندھیرا راستہ اختیار کرنا اپنے آپ کو رسک میں ڈالنے کے مترادف ہے ․انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا کاروباری طبقہ محب وطن ہے ․ ٹیکسوں اور حکومتی واجبات کی ادائیگی میں کبھی لیت و لعل سے کام نہیں لیتا , معاشرے میں موجودہ چند کالی بھیڑیں حکومتی واجبات اور ٹیکس دینے سے فرار کی راہیں تلاش کرتی رہتی ہیں اور دوسروں کو بھی غلط اور اندھیرے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتی ہیں ․ عبدالباسط نے کہا ہے کہ حکومت کے مقرر کردہ ٹیکس سے بچنے کی راہیں تلاش کرنا اور بنکوں کے ذریعے دستاویزی لین دین کرنے کی بجائے ہنڈی کا ذریعہ اپنانا حب الوطنی کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے اس لیے عبدالباسط نے بزنس کمیونٹی کو تاکید کی ہے کہ کاروبار میں لین دین کے لیے بنکوں کی بجائے ہنڈی کا ذریعہ ہرگز نہ اختیار کریں