چیئرمین آئی سی سی این سری نواسن عہدے سے فارغ

پیر 9 نومبر 2015 17:33

چیئرمین آئی سی سی   این سری نواسن عہدے سے فارغ

ممبئی۔ 09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین این سری نواسن کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ شاشنک منوہر کو نیا چیئرمین نامزد کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی) کے 86ویں سالانہ اجلاس کے دوران بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آئی سی سی کے چیئرمین این سری نواسن کو عہدے سے فارغ کرکے ان کی جگہ بھارتی بورڈ کے صدر شاشنک منوہر کو نیا چیئرمین نامزد کردیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بڑی تعداد میں اراکین نے سری نواسن کو بطور آئی سی سی چیئرمین برقرار رکھنے کی مخالفت کی، ان پر کرپشن کے الزامات تھے۔ سری نواسن کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اب وہ صرف تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر رہیں گے جبکہ ان کی کمپنی انڈیا سیمنٹ آئی پی ایل ٹیم چنائی سپر کنگز کی سپانسر تھی جس کے حکام کی جانب سے فکسنگ کے شواہد سامنے آنے کے بعد اس پر دو سال کیلئے پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی نے سلیکشن کمیٹی میں بھی دو تبدیلیاں کی ہیں، سابق وکٹ کیپر ایم ایس کے پرساد کو راجر بنی جبکہ گگن خودا کو راجندر سنگھ ہنس کی جگہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بورڈ نے پونے، رانچی، انڈور، راجکوٹ، وشاکاپٹنم اور دھرم شالا کو ٹیسٹ سٹیٹس دینے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ نے سابق کپتان سارو گنگولی کو انیل کمبلے کی جگہ بی سی سی آئی ٹیکنیکل کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :