شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں بیچلر پروگرام میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کا ا نعقاد ، وائس چانسلر کا ٹیسٹ کے ٹاپ 3 پوزیشن ہولڈرز سے ٹیوشن فیس نہ لینے کا اعلان

پیر 9 نومبر 2015 17:22

سکھر ۔ 9نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 نومبر۔2015ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں تعلیمی سال 2016کیلئے پیر کے روز تمام فیکلٹیوں اور شعبہ جات میں بیچلر پروگرام میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ منعقد ہوا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے دور ہ کے دوران ٹیسٹ اور انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا، وائس چانسلر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ٹیسٹ کے ٹاپ 3پوزیشن ہولڈرز امیدواروں سے ٹیوشن فیس نہیں لی جائے گی،انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی کی تاریخ میں نادرو نایاب موقع ہے کہ یونیورسٹی مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت تیسری بار تمام شعبہ جات میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کررہی ہے۔

ٹیسٹ میں 4200سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ میں شریک امیدواروں اور ان کے والدین کیلئے سہولت جبکہ سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر میانداد زرداری پرووائیس چانسلر مین کیمپس، پروفیسر ڈاکٹر یاسمین فیض قاضی ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ میتلو ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چانڈیو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر ڈین فیکلٹی آف فزیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کو آرڈنیٹر غلام شبیر پھلپوٹو ڈائریکٹر ایڈمیشن ،تمام تدریسی شعبہ جات کے سربراہان اور مختلف انتظامی کمیٹیوں کے منتظمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں یونیورسٹی کے شکارپور کیمپس میں بھی بیچلر پروگرام میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہوا۔