ڈیرہ، ضلع کے ترقیاتی فنڈز عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ہی خرچ کئے جائینگے، نوبازادہ عزیز اللہ خان علی زئی

پیر 9 نومبر 2015 16:48

ڈیرہ اسما عیل خان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) ضلعی ناظم اعلیٰ ڈیرہ نوابزادہ عزیز اللہ خان علی زئی نے کہا ہے کہ ضلع کے ترقیاتی فنڈز عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ہی خرچ کئے جائیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے آل ویلیج ناظمین اتحاد ڈیرہ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا انعقادا ور صوبہ میں بلدیاتی نظام کو متعارف کرانے کا مقصد یہی ہے کہ عوام کے منتخب نمائندے عوامی مسائل حل کریں اور سرکاری وسائل کو کرپشن کی نذر ہونے سے بچایا جائے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیرہ اسما عیل خان کے عوام کی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا جائے گا، علی زئی خاندان کی سیاست عوامی خدمت کی سیاست ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ علی زئی خاندان پر اپنا اعتماد کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع ناظم کا دفتر ڈیرہ اسما عیل خان کے تمام منتخب عوامی نمائندوں کا ہی دفتر ہے، اس دفتر کے دروازے ڈیرہ والوں کے لیئے ہر وقت کھلے ہیں ہم خان خوانین اور مذہب کے نام لیواؤں کی طرح اپنے دروازوں پر دربانوں کو بٹھانے اور عوام کی عزت نفس کو مجروح کرنے کی سیاست کے خاتمہ کے لیئے میدان میں آئے ہیں اور یہی مشن عمران خان اور ان کی سپاہیوں کا مشن ہے، اس موقع پر انہوں نے ولیج ناظمین اتحاد کے رہنماؤ ں کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات سنے اور انہیں جلد ہی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔