سعید اجمل نے انگلش سپن باؤلرز کو تربیت دینے کی پیش کش کر ڈالی

پیر 9 نومبر 2015 15:34

سعید اجمل نے انگلش سپن باؤلرز کو تربیت دینے کی پیش کش کر ڈالی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار9نومبر۔2015ء ) قومی ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل نے انگلش سپن باؤلر ز کو تربیت دینے کی پیش کش کر ڈالی ہے ۔ برطانوی میڈیا سے گفتگو میں سٹار آف سپنر کا کہنا تھا کہ اگر وہ انگلینڈ کے کوچ بنے تو تمام کاؤنٹٹیز سے سپنرز کو بلا کر ان کی باؤلنگ دیکھنے کے بعد دو بہترین سپنرز کا انتخاب کر یں گے اور 3سے 4ماہ میں انہیں اتنا تیار کر دیں گے کہ انگلینڈ کے اگلے ایشیا کے دورے میں وہ میزبان بلے بازوں کا امتحان لینے کے لیے تیار ہوں گے ۔

اجمل کے مطابق انگلش سپنرز ابھی سلو پچز پر گیند کرنے کے آرٹ سے ناواقف ہیں ، وہ ایسی پچزپر گیند فلائٹ تو کرتے ہیں لیکن ان کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ایشیائی بلے بازوں کو انہیں کھیلنے کا ٹائم مل جاتا ہے اور یوں انہیں وکٹیں لینے میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اجمل کے مطابق شارجہ ٹیسٹ کی وکٹ سپن باؤلنگ کے لیے آئیڈیل تھی لیکن انگلش باؤلرز کے پاس کوئی لائن و لینتھ نہ ہونے کے باعث وہ پاکستانی بلے بازوں کے لیے کچھ زیادہ مشکلات نہیں کھڑی کر سکے ۔

انہوں نے انگلش بلے بازوں کے بارے میں کہا کہ وہ یابہت آگے کھیلتے ہیں یا پیچھے اور اسی وجہ سے مشکلات میں پھنس جاتے ہیں ۔ اجمل نے تجربہ کار انگلش بلے باز این بیل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2012ء میں انہوں نے 4مرتبہ برطانوی بلے باز کو آؤ ٹ کیا کیوں وہ انہیں سمجھنے میں مکمل طور پر ناکام رہے تھے ۔