بہار میں بی جے پی کو بد ترین شکست، پارٹی رہنما ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوگئے

پیر 9 نومبر 2015 15:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 نومبر۔2015ء) بھارتی ریاست بہار میں ایک طرف لالو پرساد اور اتحادی جیت کا جشن منا رہے ہیں تو دوسری طرف ہارنے والی بی جے پی کے رہنما ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہیں، شترو گھن سنہا کا کہنا ہے کہ شکست پر پارٹی کو اپنے محاسبے کی ضرورت ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے الیکشن میں لالو پرساد اور نتیش کمار کی زیر قیادت بننے و الے گرینڈ الائینس نے بی جے پی کودھول چٹا دی ہے۔

(جاری ہے)

لا لو کی اتحادی جماعتیں الیکشن جیتنے کی خوشی میں جھوم رہی ہے تو دوسری طرف بد ترین شکست کا سامنا کرنے والی بی جے پی کے رہنماوٴں نے ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔کوئی امت شاہ کو ہار کی بنیادی وجہ سمجھتا ہے تو کوئی بالی وڈ اداکار اور بی جے پی لیڈرشترو گھن سنہا کو ، شترو گھن سنہا کا کہنا ہے کہ بہار میں لالو پرساد اور اتحادیوں کی جیت جمہوریت کی فتح ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ بی جی پی کو ہار کے بعد اپنا محاسبہ خود کر لینا چاہئے۔ دوسری طرف نریندر مودی نے ہار کے بعد پارٹی رہنماوٴں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔