مودی کو متنبہ کرتا ہوں کشمیر ی عوام پر مظالم بند کرو ورنہ ہر جگہ تعاقب کرونگا‘بیرسٹر سلطان

پیر 9 نومبر 2015 15:03

کھوئی رٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی عوام و سیاسی طاقت بن چکی ہے۔ چند مسکرے پہلے سازشیں کر رہے تھے جبکہ اب پسپائی کا سوچ رہے ہیں۔ کشمیر پی ٹی آئی کے کارکن تیاری کریں منزل اب قریب ہے۔میں لائن آف کنٹرول سے ایک کلومیٹر دورآکر مودی کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیر عوام پر مظالم بند کرنے ورنہ میں اس کا ہر جگہ تعاقب کرونگا۔

مودی کی بہار میں شکست سے یہ پتا چل جانا چاہیے کہ صرف کشمیریوں نے ہی مودی پر 7 نومبر کو عدم اعتماد نہیں کیا بلکہ بہار میں مودی کی پالیسیوں کے خلاف بھارتی عوام نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب مودی کا زوال شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

کھوئی رٹہ میرا ہمیشہ سیاسی قلعہ رہا ہے اگرچہ چند غداروں نے مجھ دھوکہ دیا ۔ مگر اب آج یہاں عوام کے اتنے بڑے جم غفیر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غدار مہاجروں کی اب یہاں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں کھوئی رٹہ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت سابق وزیر صحت چوہدری رفیق نیر نے کی جبکہ جلسہ عام سے ڈاکٹر عنصر، ناصرلطیف، کشمیر پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر ظفر انور، سابق مشیر چوہدری اخلاق، چوہدری شوکت فرید، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری رزاق ایڈووکیٹ، چوہدری جاوید شاہد ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا اور بھارت کا شیرازہ بکھرنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا اور انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ مودی سات لاکھ فوج کے ساتھ کشمیریوں پر اب قابض نہیں رہ سکتا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ایک نیا آزاد کشمیر بنایا جائے گا اور عوام تک تعلیم، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور خواتین کو پاکستان کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی طرح آزاد کشمیر اسمبلی میں بھی تینتیس فیصد نمائندگی دی جائے گی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی کے خلاف 12 نومبر کو لندن میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور مودی دنیا میں جہاں کہیں بھی جائے گا اس کا کشمیری عوام پیچھا کریں گے کیونکہ وہ ایک جارح اور دہشت گرد ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے گا اور آزاد کشمیر کا ریاستی تشخص بحال کیا جائے گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اور کارکن اب تیاری کریں کہ ہماری منزل اب قریب ہے۔

متعلقہ عنوان :