چیف ٹریفک آفیسر کی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی مزید بہتری کیلئے ٹریفک افسران سے میٹنگ

پیر 9 نومبر 2015 15:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے شہر میں ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر ایس پیز،ڈی ایس پیز سے میٹنگ کی ۔انہوں نے ایس پیز کو ہدایت کی کہ اپنی اپنی ڈویژنز میں تجاوزات کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کریں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ اور سکیورٹی کی صورتحال کے سلسلے میں کوئی پرابلم نہ ہو۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران سڑکوں پر تجاوزات قائم کرنے اور ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والے 3195افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرائے ۔سی ٹی او نے کہا کہ شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانا سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔طیب حفیظ چیمہ نے ایس پی سٹی،ایس پی صدر کی نگرانی میں ڈویژنز کے تمام ڈی ایس پیز کو سپرویژن مزید بہتر کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے سڑکوں پر موجودرہنے کی ہدایت کی اور پٹرولنگ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اپنی بیٹ میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کے ذمہ دار ہونگے جبکہ وارڈنزمشکوک گاڑیو ں اور مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خلاف انسدادی کارروائی میں غفلت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ دوران ڈیوٹی اپنے پوائنٹس پر موجود رہتے ہوئے عوام کی مدد اور راہنمائی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کیلئے بھر پور محنت کریں،کسی بھی اہلکار کے خلاف شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔