محتسب پنجاب کابنیادی مرکز صحت سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف کارروائی اورنئے ڈاکٹر کی تعیناتی کا حکم

پیر 9 نومبر 2015 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے عوامی شکایات پر تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ کے علاقے ہنجرائی میں بنیادی مرکز صحت سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف فوری کاروائی اور نئے ڈاکٹر کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے اور سیکرٹری صحت سے عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ یونین کونسل ہنجرائی تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ کے رہائشیوں نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ 2010ء میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مقامی افراد نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے ذاتی زمین عطیہ کے طور پر حکومت کو دی جہاں دو کمرے تو تعمیر کئے گئے لیکن سٹاف فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مقامی لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

محتسب پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایڈوائزر مظفر گڑھ حمید اللہ خان کو انکوائری کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انکوائری میں انکشاف ہوا کہ لوگوں کی عطیہ کردہ اراضی پر تعمیر ہونے والے ہسپتال میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر عمر فاروق کو تعینات کیا گیا تھا جو بغیر اطلاع طویل عرصہ سے غیر حاضر ہے۔ محتسب پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد ای ڈی او (ہیلتھ) مظفر گڑھ نے سیکرٹری صحت کو ڈاکٹر عمر فاروق کی طویل غیر حاضری کے بارے میں مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

محتسب پنجاب نے اپنے حکم نامے میں سیکرٹری صحت کو حکم دیا ہے کہ طویل عرصے سے بغیر اطلاع غیر حاضر ڈاکٹر عمر فاروق کے خلاف کارروائی کی جائے اور یونین کونسل ہنجرائی تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ میں جلد از جلد نئے ڈاکٹر کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ علاقے کے مقامی افراد طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :