پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر کے ریاستی تشخص کو بحال کیا‘ایل بی فاروقی

پیر 9 نومبر 2015 13:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)مرکزی جنرل سیکرٹری پیپلزٹریڈرز ونگ آزادکشمیرکے ایل بی فاروقی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی پختہ نظریات کی حامل جماعت ہے ‘ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر کے ریاستی تشخص کو بحال کیا ،آزاد کشمیر سے علاقائی ،قبیلائی سیاست کا خاتمہ کیا اورآزادکشمیر کا سیاسی کلچر بدل دیا،عوام بہروپیوں کو جان چکے ہیں ۔

2016کے انتخابات میں پیپلزپارٹی میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات جیتے گی۔پاکستان پیپلزپارٹی غریب اور پسماندہ عوام کے دکھوں کا مداوہ ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہی خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر آزادکشمیر کے پسماندہ عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ماضی کی حکومتوں نے آزادخطہ کے عوام کو علاقائی ،قبیلائی سیاست میں الجھائے رکھا برادری کومذہب کا درجہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ٹیکنیکل تعلیم پر توجہ دیں کیونکہ آنے والا دور کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر کے پسماندہ عوام کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے اور آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے لیے جو اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔تاریخ کو کوئی مسخ نہیں کرسکتا۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے جو اقدامات کیے اس سے سیاسی مسافر بوکھلا اٹھے ہیں۔ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم عوام کے دلوں میں راج کرتے ہیں اور عوام کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا ہے اور نہ کریں گے۔