سپریم کورٹ نے لاہور کے علقے مغلپورہ میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی پر لئے گئے از خود کیس کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی،،کیس میں پیش رفت نہ ہونے پر عدالت کا سخت اظہار برہمی،،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی اس کیس میں کی جانے والی تمام تر کاروائی عدالت کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 9 نومبر 2015 12:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9 نومبر۔2015ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل بنچ نے از خود کیس کی سماعت کی۔عدالتی سماعت کے موقع پر اعلی پولیس افسران نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔اب تک کی تفتیش میں دو سو سے زائد مشتبہ افراد کو پکڑ کر ڈی این اے میچ کیا گیا مگر تمام افراد بے گناہ پائے گئے جنہیں رہا کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملزم کا مبہم خاکہ موجود ہے جس کی مدد سے ملزم تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پولیس کی ناقص کارکردگی پر سخت اظہار برہمی کیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اس کیس میں اپنی ناکامی کا اعتراف کر لینا چاہئیے ،،پولیس کی اب تک کی تمام کاروائی کاغذات تک محدود ہے جو عدالت کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے از خود کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔

متعلقہ عنوان :