شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 138واں یوم پیدائش انتہائی ملی جوش وجذبے سے منایا گیا

پیر 9 نومبر 2015 12:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) شاعر مشرق، حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا138واں یوم پیدائش انتہائی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ ڈاکٹرعلامہ اقبال خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کے یوم پیدائش پر پاکستان نیوی کی جانب سے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی تقریب باوقارانداز میں ہوئی۔

جس کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور، کموڈور ایس ایم شہزاد تھے۔ کموڈور ایس ایم شہزاد نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے۔پاکستان رینجرز کی جگہ ذمہ داریاں سرانجام دینے والے ر وایتی لباس میں پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جذبے و ولولے سے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں ، پاکستان نیوی اور پاک رینجرز کے دستوں نے مزار اقبال کے باہر اپنی اپنی پوزیشنز سنبھالیں جبکہ پاک رینجرز کا دستہ روایتی انداز میں مزار سے رخصت ہوا ۔

(جاری ہے)

روایتی اعزازی گاڑی کی تبدیلی کے بعد سٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور نے چیف آف نیول سٹاف اور پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سی پی او اور سیلرز کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائیں ۔بعد ازاں سٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور نے مزار اقبال پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ۔مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں اعلیٰ سول عہدیداران ، سکول کے بچوں اور شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :