عراقی کے سابق وزیر اعظم نوری المالکی کو نائب صدر بنانے کی ایرانی تجویز مسترد

پیر 9 نومبر 2015 12:12

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔9 نومبر۔2015ء) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ایران کی جانب سے سابق وزیراعظم نوری المالکی کو نائب صدر کا عہدہ سونپے جانے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم فیلق القدس کے سربراہ جنر قاسم سلیمانی نے وزیراعظم العبادی سے کہا تھا کہ وہ سابق وزیراعظم نوری المالکی کو نائب صدر جمہوریہ کا عہدہ سونپ دیں ،تاہم حیدر العبادی نے ان کی یہ تجویز مسترد کردی ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے عراقی وزیراعظم کو یہ تجویز ایک ایسے وقت میں دی گئی تھی جب ملک میں نئے سیاسی اتحاد وجود میں آ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم العبادی پارلیمنٹ میں اپنی حمایت میں اضافے کے لیے اہل سنت مسلک کے پارلیمانی بلاک، کرد جماعتوں اور اہل تشیع پر مشتمل ایک نیا سیاسی الائنس تشکیل دینا چاہتے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم المالکی اس کے مخالف ایک دوسرے اتحاد کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم العبادی نے نجف اور کربلا میں اہل تشیع کی اہم مذہبی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کی ہیں جن میں محمد سعید الحکیم ، بشیر النجفی، محمد الفیاض اور مقتدی الصدر شامل ہیں جب کہ ان کی ملاقات علی سیستانی سے نہیں ہو سکی ہے۔پارلیمنٹ میں حیدر العبادی کو مقتدی الصدر، عمار الحکیم، سنی اور کرد گروپوں کی جانب سے حمایت حاصل ہے۔