آصف زرداری نے ہمیشہ بلاول کو سپورٹ کیا ، بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد زرداری نے ملک کو استحکام دیا ، یوسف رضا گیلانی نے بھی حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، پیپلزپارٹی ہر مشکل وقت میں ملک کا ہر اول دستہ ہے ، پنجاب میں پیپلزپارٹی کو ابھی کام کرنا ہے ،پیپلزپارٹی کی رہنماء وسینیٹر شیریں رحمن کی نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو

اتوار 8 نومبر 2015 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماء وسینیٹر شیریں رحمن نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ بلاول بھٹو زرداری کو سپورٹ کیا ، بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے ملک کو استحکام دیا ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، پیپلزپارٹی ہر مشکل وقت میں ملک کا ہر اول دستہ ہے ۔

وہ اتوار کو نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کررہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا جیالا آج بھی پارٹی میں موجود ہے اور پارٹی کا کوئی بھی جیالا کسی دوسری جماعت میں نہیں گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر مشکل وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہمیشہ تمام فیصلے ملکی مفاد میں کیے گئے ۔

(جاری ہے)

شیریں رحمن نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سپورٹ کیا اور بلاول بھٹو زرداری بھی پارٹی پر مسلط نہیں ہونا چاہتے ۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے ملک کو استحکام دیا اور مفاہمتی پالیسی کے تحت سب کو ساتھ لے کر چلے ۔ شیریں مزاری نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بھی حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مشکل وقت میں بہترین انداز میں حکومت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مشکل وقت میں امریکہ میں پاکستانی سفیر بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کو ابھی کام کرنا ہے ۔