2013ء سے اکتوبر 2015ء تک منشیات کے 2482 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ، 3 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ، پکڑی گئی منشیات اور نشہ آور ادویات کی کل مالیت 10.37 بلین امریکی ڈالر تھی ، انسداد منشیات فورس کے پورے ملک میں 28 پولیس سٹیشنز کام کررہے ہیں ، وزارت داخلہ و انسداد منشیات

اتوار 8 نومبر 2015 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) وزارت داخلہ و انسداد منشیات کے مطابق 2013ء سے اکتوبر 2015ء تک منشیات کے 2482 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں ،جن میں 3 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ، پکڑی گئی منشیات اور نشہ آور ادویات کی کل مالیت 10.37 بلین امریکی ڈالر تھی ، انسداد منشیات فورس کے پورے ملک میں 28 پولیس سٹیشنز کام کررہے ہیں ۔

اس سے قبل پولیس سٹیشنز کی تعداد 25 تھی ۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک کے تمام ہوائی اڈوں سمیت سمندری پورٹس اور ڈرائی پورٹس پر انسداد منشیات فورس کے اہلکار تعینات ہیں ۔ وزارت داخلہ کی دستاویز کے مطابق پوست کی کاشت کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت اور فاٹا کی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔ انسداد منشیات فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے خصوصی تربیتی کورس بھی وزارت کے تحت کروائے جاتے ہیں ۔ مزید بھرتیوں کے حوالے سے وزارت داخلہ کے مطابق 590 افراد کو بھرتی کرنے کا معاملہ بھی چل رہا ہے ۔ کیمیائی ترکیب سے بنی ادویات کا بھی بغور جائزہ لیا جاتا ہے اور اس حوالے سے انسداد منشیات کے ریجنل ذمہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سختی سے اس پر عمل کریں ۔