جی جی جمال سپیکر شپ کیلئے سردار ایاز صادق کے حق میں دستبردار ،جماعت اسلامی نے بھی حمایت کر دی

اتوار 8 نومبر 2015 20:42

جی جی جمال سپیکر شپ کیلئے سردار ایاز صادق کے حق میں دستبردار ،جماعت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8نومبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی کیلئے فاٹا اتحاد کے امیدوار غازی گلاب جمال (جی جی جمال) نے سپیکر شپ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے حق میں دستبردار ہوتے ہوئے کاغذات واپس لے لئے جبکہ جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر انجینئر طارق اللہ نے بھی ایاز صادق کی حمایت کر دی۔

اتوار کو سپیکر قومی اسمبلی کیلئے فاٹا اتحاد کے امیدوار غازی گلاب جمال (جی جی جمال) نے دیگر اراکین کے ہمراہ سپیکر شپ کیلئے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق سے ملاقات کی تھی جس دوران طویل صلاح و مشورے ہوئے اور غازی گلاب جمال نے فاٹا کے حقوق سمیت دیگر معاملات پر کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ایاز صادق نے وزیر اعظم سے ان کے تحفظات کے حوالے سے بات بھی کی جس کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے انہیں تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی جس کے بعد غازی گلاب جمال نے سپیکر قومی اسمبلی کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی زیر صدارت جماعت کا اہم اجلاس بھی ہوا جس میں متفقہ طو رپر سپیکر شپ کیلئے حمایت کرنے کا اختیار پارلیمانی بورڈ کو دیا گیا جس پر جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر انجینئر طارق اللہ نے بھی ایاز صادق کی حمایت کر دی۔