مسلم لیگ (ن)کاجیکب آباد میں دھاندلی کے ثبوت کل الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کا اعلان

پیپلزپارٹی نے سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی ہے،اسلم ابڑوسیکرٹری اطلاعات ن لیگ سندھ

اتوار 8 نومبر 2015 17:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ( ن)سندھ کے سیکرٹری اطلاعات محمداسلم ابڑونے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی ہے،جیکب آباد میں دھاندلی کے ثبوت (پیر)الیکشن کمیشن کو فراہم کردیئے جائیں گے۔مسلم لیگ میڈیاسیل سے جاری بیان میں انہوں نے مطالبہ کیاکہ پہلے مرحلے میں جہاں جہاں بھی دھاندلی ہوئی ہے الیکشن کمیشن وہاں نوٹس لے اور عدلیہ کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں12000ایسے خواتین کے شناختی کارڈزملے ہیں، جن پرتاریخ پیدائش ایک مہینے کی ہے جبکہ ان پرمستقل پتہ بھی درج نہیں ہے۔

۔اسلم ابڑو نے پہلے مرحلے کے انتخابات میں ڈپٹی کمشنرزنے بھی دھاندلی میں بھرپورکرداراداکیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکب آباد میں ڈپٹی کمشنر نے پرپولنگ اسٹیشنزپر 300،300 بیلٹ پیپرز ٹھپے لگا کر تقسیم کئیے جس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں جبکہ انتخابی نتائج کے موقع پر بھی ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ بوتھوں سے باہر نکال دیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی صبح الیکشن کا عملہ اور پولنگ اسٹیشن بھی تبدیل کردیئے گئے جبکہ انتخابی سامان بھی الیکشن کمیشن کے عملے کو دینے کے بجائے رکن قومی اسمبلی اعجاز جھکرانی کے حوالے کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دوسرے اور تیسرے مرحلے کے الیکشن کو بھی ہائی جیک کرنا چاہتی ہے الیکشن کمیشن اسے ہائی جیک ہونے سے بچائے اور اپنا کردار ادا کرے۔انھوں نے میڈیاکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میڈیانے پہلے مرحلے کے انتخابات میں وزیر اعلی سندھ کے خاندان کے افرادکو ٹھپے لگاتے دکھایا۔انہوں نے کہاکہ ہفتہ کو الیکشن کمیشن آفس کے باہر مسلم لیگ(ن) کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے موقع پر کچھ ثبوت ہم نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے ہیں مکمل ثبوت پیرکو فراہم کردیئے جائیں گے۔