حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ،سنیٹرمائیکل کامران

حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں امن بحال ہوا ، وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ کا دعائیہ تقریب سے خطاب

اتوار 8 نومبر 2015 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سنیٹرکامران مائیکل نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے حکومت کے اقدامات کے باعث ملک میں امن بحال ہوا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان فیسٹیول کے تحت منعقدہ مزار قائد سے متصل گراؤنڈ میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ مسیحی سمیت تمام اقلیتی برادریوں کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے وفاقی حکومت اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے ہم صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے مربوط اقدامات کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ، سندھ حکومت اور سیکورٹی اداروں کے باہمی اشتراک سے کراچی میں باہمی امن قائم ہوا ہے کراچی کی رونقوں کو مکمل بحال کریں گے آج کی تقریب میں شریک تمام شرکاء پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے دعا گو ہیں اس تقریب کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں بھائی چارگی ، یکجہتی اور امن کے پیغام کو فروغ دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور ملک سے توانائی کے بحران سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے انھوں نے کہا کہ ملک میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا آج ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور معیشت مضبوط ہو رہی ہے ۔ تقریب میں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی تقریب میں بہت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔