وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے بین الاقوامی ادارے البراک گروپ آف کمپنیز کے چےئرمین احمت البراک کی ملاقات

سرمایہ کاری کانفرنس میں 150سے زائد معاہدے اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بڑی کامیابی ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 8 نومبر 2015 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے ترکی کے بین الاقوامی ادارے البراک گروپ آف کمپنیز کے چےئرمین احمت البراک نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب میں توانائی ،ٹرانسپورٹ اورتعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔احمت البراک نے کامیاب سرمایہ کاری کانفرنس پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جاندار پالیسیوں سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔سرمایہ کاری کانفرنس میں 150سے زائد معاہدے اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دیں گے۔البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں البراک گروپ کی سرمایہ کاری10کروڑ ڈالر سے بڑھ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ توانائی اور تعمیراتی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔