Live Updates

بلدیاتی انتخابات میں سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونیوالا پی ٹی آئی کا کارکن دم توڑ گیا

لواحقین کا لاش کے ہمراہ گورنر ہاؤ س کے باہر احتجاج، کارکنوں نے ملتان روڈ پر بھی احتجاج کر کے ٹریفک بلاک کر دی

اتوار 8 نومبر 2015 17:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نیچے میں زخمی ہونے والا تحریک انصاف کا کارکن دم توڑ گیا ، اہل خانہ نے لاش کے ہمراہ گورنر ہاؤس کے سامنے جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملتان روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کو بلاک کر دیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا کارکن محمد حیات بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں یونین کونسل 105 کے سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا جسے طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال داخل کرایا گیا تھا لیکن وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

کارکن کی ہلاکت کی اطلاع پر پی ٹی آئی کے کارکن ملتان روڈ پر جمع ہو گئے اور پولیس اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کردیا ۔ بعد ازاں مقتول کے لواحقین اور کارکن لاش کے ہمراہ گورنر ہاؤس کے باہر پہنچ گئے اور لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا ۔پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی بھی احتجاج میں شرکت کے لئے مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے ۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے نامزد ملزم کو گرفتار کر نے کے باوجود چھوڑ دیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات