ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر مسلسل بھارتی جارحیت افسوس ناک ہے‘ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے ‘جارحیت کی تومنہ توڑ جواب دیں گے‘کراچی میں آپریشن کے اچھے نتائج برآمد ہونگے ‘وفاقی حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی “ احتساب صرف سندھ ہی نہیں پنجاب میں بھی ہونا چاہیے‘کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ‘خورشید شاہ ‘ رحمن ملک و دیگر کاسرگودھا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جلسہ سے خطاب

اتوار 8 نومبر 2015 17:21

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 نومبر۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کے ذریعے چھیڑ چھاڑ افسوس ناک ہے‘ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ‘جارحیت کی تومنہ توڑ جواب دیں گے‘کراچی میں جاری آپریشن کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے ‘ احتساب صرف سندھ میں ہی نہیں پنجاب میں بھی ہونا چاہیے ۔

وہ اتوار کو سرگودھا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی رہنما رحمن ملک سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ چیف جسٹس کا سینیٹ سے خطاب خوش آئند ہے ملک میں جمہوریت مضبوط بنانے کیلئے اداروں کو ملکر کام کرنا چاہئیمیاں رضا ربانی نے کہاکہ ملک میں احتساب ہونا چاہئے اور عوام کا لوٹاہوا پیسہ واپس ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔رضا ربانی نے مزید کہا کراچی میں جاری آپریشن کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ کرپٹ لوگوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ معاشی استحکام کیلئے بلا امتیاز احتساب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتو ں پر مظالم کیخلاف مغرب کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہاکہ حکمرانوں کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ حکومت اپنے اڑھائی سال میں عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت انتخابات کے دوران کیا گیا اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کو قرضوں کے پہاڑ تلے دفن کر دیا ہے۔ احتساب سندھ میں ہی نہیں پنجاب میں بھی ہونا چاہیے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہاکہ شخصیات نہیں ادارو ں کی بقاء سے ملک ترقی کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ نواز شریف عام انتخابات میں کئے گئے وعدے پورا نہیں کر سکے۔ عوام اب ان حکمرانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔