کرکٹ آل سٹار سیریز، وارن واریئرز نے پہلے ٹی 20 میچ میں سچن بلاسٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

وارن واریئرز نے 141 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، پونٹنگ نے ناقابل شکست 48 رنز بنائے، شین وارن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا

اتوار 8 نومبر 2015 17:16

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء) کرکٹ آل سٹار سیریز، وارن واریئرز نے پہلے ٹی 20 میچ میں سچن بلاسٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ سچن بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز بنائے، وریندر سہواگ نے نصف سنچری بنائی۔ شین وارن اور اینڈریو سائمنڈز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

وارن واریئرز نے ہدف 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، رکی پونٹنگ نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کمار سنگاکارا 41 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ شعیب اختر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں وارن واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

سچن بلاسٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ وریندر سہواگ نے 22 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کپتان سچن ٹنڈولکر 26 ، لکشمن 8 ، برائن لارا ایک، مہیلا جائے وردنے 18 ، کارل ہوپر اور شان پولاک 11 ، 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شین وارن اور اینڈریو سائمنڈز نے تین، تین جبکہ ایلن ڈونلڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

وسیم اکرم کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ جواب میں وارن واریئرز نے ہدف 17.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، رکی پونٹنگ نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کمار سنگاکارا 41 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ جیک کیلس 13 ، میتھیو ہیڈن 4 اور اینڈریو سائمنڈز ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جونٹی رہوڈز 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب اختر نے دو اور مرلی دھرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شین وارن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :