باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کی جلد پکنے والی اقسام کی برداشت کیلئے فوری تیاری اور حسب ضرورت آبپاشی کی ہدایت

اتوار 8 نومبر 2015 16:54

فیصل آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)ماہرین زراعت نے ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو جلد پکنے والی اقسام کے پھل توڑنے کیلئے فوری تیاری اور حسب ضرورت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ باغبان درمیانے موسم میں پکنے والی اقسام کی فروخت کے انتظام کے ساتھ ساتھ گوبر کی کھاد کابھی بندوبست کریں تاکہ انہیں بعد میں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

اتوار کے روز یہاں اے پی پی سے ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔