نواز شریف فوج کو اسپیس دے رہے ہیں پرویز الٰہی نے نواز شریف کے دورہ امریکہ کو ناکام قرار دیدیا

وزیر اعظم کا حالیہ دورہ صرف ایک فوٹو سیشن تھا اصل دورہ آرمی چیف کا ہوگا لیگی رہنما 2008ء کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی جس میں امریکا ملوث تھا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا انٹرویو

اتوار 8 نومبر 2015 15:18

نواز شریف فوج کو اسپیس دے رہے ہیں پرویز الٰہی نے نواز شریف کے دورہ امریکہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء) سابق نائب وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہی نے وزیر اعظم کے دورہِ امریکا کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا حالیہ دورہ صرف ایک فوٹو سیشن تھا اور اصل دورہ آرمی چیف کا ہوگا، وزیر اعظم تین سال سے معاملات میں فوج کواسپیس دے رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ مشترکہ اعلامیے میں بھارت کا ذکر کرنے سے دورہ کامیاب نہیں ہوتا اور بہت کوشش کے بعد اس میں مسئلہِ کشمیر کا ذکر کیا گیا۔

پرویز الہٰی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی نظریں فوج پر مرکوز ہیں جس کی وجہ نواز شریف ہیں جو بطور وزیر اعظم کارکردگی نہیں دکھا رہے۔دہشت گردی کی مسئلے پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے کہا کہ حکومت صرف کراچی کی طرف دیکھ رہی ہے تاہم اگر اسی طرح کی کارروائیاں پنجاب میں کی جائیں تو خود حکمران ہی مجرم نکلیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ 2008ء کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی جس میں امریکا ملوث تھا۔سابق نائب وزیراعظم نے کہاکہ امریکا چاہتا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئے امریکی عہدار جو بائیڈن اور جان کیری نے واضح کیا تھا کہ اگر انتخابات میں ق لیگ جیتی تو وہ اسے تسلیم نہیں کریں گے۔گفتگو کے دوران انہوں نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری پر بھی سیاسی فائدے اٹھانے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے قرار دیا کہ ارسلان افتخار کی نوکری کے پیچھے ایک سیاسی مقصد تھا، افتخار چوہدری کو خوش کرنا ضروری تھا۔