نامور اداکار درپن کو مداحوں سے بچھڑے 35 برس بیت گئے

اتوار 8 نومبر 2015 13:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)نامور پاکستانی اداکار درپن کو مداحوں سے بچھڑے 35 برس بیت گئے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق درپن 1929ء میں ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں پیداہوئے اور انکا اصل نام عشرت عباس تھا۔تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان آگئے۔وہ سنتوش کمار، ہدایتکار ایس سلیمان اور اداکار منصور کے بھائی تھے۔ انہوں نے فلمی کریئر کا آغاز 1951ء میں فلم’بلو‘ سے کیا۔

پاکستان میں چند فلموں میں کام کرنے کے بعد وہ ممبئی چلے گئے جہاں انہوں نے فلم’عدل جہانگیری‘ اور’باراتی‘ میں کام کیا۔ پاکستان واپسی پر انہوں نے کئی کامیاب فلموں ساتھی، رات کے راہی، سہیلی، گلفام، قیدی، آنچل، باجی، شکوہ، اک تیرا سہارا اور نائلہ وغیرہ میں کام کیا۔

(جاری ہے)

ان کی بطور ہیروآخری کامیاب فلم’پائل کی جھنکار‘ 1966ء میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کریکٹر اور سپورٹنگ رول بھی ادا کئے۔

درپن نے مجموعی طور پر 67 فلموں میں کام کیا جن میں 57 اردو، 8 پنجابی اور دو پشتو فلمیں شامل ہیں۔انہیں نگار ایوارڈاور صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔درپن نے اپنے وقت کی حسین اور مقبول ہیروئین نیر سلطانہ کو اپنا جیون ساتھی بنایا اور یہ ساتھ مرتے دم تک قائم رہا۔ انکا انتقال8 نومبر 1980ء کو لاہور میں طویل علالت کے باعث ہوا۔