ضلع نیلم سے وراثتی اور اجارہ داری کی سیاست کا خاتمہ کرکے دم لیں گے‘خواجہ سجاد احمد

اتوار 8 نومبر 2015 12:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 نومبر۔2015ء)ضلع نیلم سے وراثتی اور اجارہ داری کی سیاست کا خاتمہ کرکے دم لیں گے،پچاس سال سے عوام کے حقوق کو بے دردی سے لوٹا گیا اب وقت آگیا ہے کہ ایسے نا م نہاد عوامی قائدین کا عوام خود احتساب کریں جبکہ نیلم میں نئے شکاری نئے جال کے ساتھ عوام کو پھنسانے کیلئے پہنچ چکے ہیں ،اگر نیلم کی عوام نے ماضی کی طرح فیصلے کیے تو ان کا مستقبل بھی تاریک ہی ہو گا،ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء خواجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز اپنے اخبار ی بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ ضلع نیلم کے وسائل کو لوٹنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ،آزادکشمیر کے تمام سیاستدان ضلع نیلم کو اس لئے اہمیت دے رہے ہیں کیونکہ وہاں کی قیمتی معدنیات ،جڑی بوٹیوں پر ان کی نظر ہے جسے خفیہ طور پر سمگل کر کے وہ سالانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں اس لئے نیلم کے لوگ سردار خالد ابراہیم جیسی قیادت پر اعتماد کریں ،انشاء اللہ کوئی مائی کا لعل ان کے حقو ق غصب نہیں کر سکے گا۔