Live Updates

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گا،حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 7 نومبر 2015 23:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گا۔یہ اتحاد کراچی کے عوام کے لیے تبدیلی اور امید کا پیغام ہے اور موجودہ حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔ہم کراچی کو پوری دنیا کے لیے ماڈل سٹی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے،تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے اور معیار تعلیم کو بلند کر نے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔اسکولوں اور کالجوں میں میرٹ کی پالیسی اپنائی جائے گی اور نئے اسکول اور کالج قائم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

شہر میں Virtual لائبریریاں قائم کی جائیں گی ۔اعلیٰ تعلیم کے ادارے بنائے جائیں گے اور خواتین کے لیے ٹیکنیکل سینٹر ز قائم کیے جائیں گے اور تعلیم بالغان کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ کراچی کے شہریوں کے لیے ہر ضلع میں ایک بڑا معیاری سر کاری ہسپتال قائم کیا جائے گا اور مو جودہ چھوٹے اور بڑے تمام سر کاری ہسپتالوں کے معیار کو بہتر کیا جائے گا ۔

طبی سہولتوں کو حقیقی معنوں میں بحال کیا جائے گا ۔علاوہ ازیں شہر کے متعدداہم مقامات پر ’’ایمرجینسی سینٹرز اور چیسٹ پین سینٹر ز‘‘قائم کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا موثر نظام وضع کیا جائے گا ۔شہر کو گرین اور کلین بنانے کے لیے نئے منصوبے شروع کریں گے اورہزار ایکڑ پر ایگرو فارمنگ اسٹیٹ بنائی جائے گی۔

پینے کے پانی کی فراہمی کے پورے نظام کو درست کیا جائے گا ۔ہر شہری کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ہم4۔Kمنصوبے کاعملاً آغاز کریں گے اور کراچی کی ضرورت کے مطابق مزید پانی کی فراہمی کے منصوبے بنائے جائیں گے ۔ شہر میں پانی کی فراہمی کا جدید پریشرائزڈ سسٹم قائم کیا جائے گا۔ پارکوں کے لیے پانی صاف کر نے کے پلانٹس لگائے جائیں گے ۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جیسے اہم ادارے کی تباہی اور بر بادی کے عمل کو روکا جائے گا۔اس ادارے کے اندر پائی جانے والی خرابیوں کو دور کیا جائے گا اور اسے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا ادارہ بنایا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا ہم پر اعتماد کراچی کے تقدیر بدل دے گا ،ہم نے عزم کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو کرعوامی سطح پر امن کمیٹیاں اور مصالحتی انجمنیں بنائیں گے۔شہراہ فیصل کے متوازی ملیر ندی پشتے پر ایکسپریس وے کا منصوبہ شروع کریں گے، صنعتی علاقوں کی تنظیم نو کی جائے گی اور نئے صنعتی علاقوں کا قیام عمل میں لا یا جائے گا ۔تمام یونین کمیٹیوں میں ماڈل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ہم کراچی کا ایک ایسا شہر بنائیں گے جو پوری دنیا کے لئیے حامل ہو۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات