وزیراعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ انتہائی مثبت اور توقعات سے بھی زیادہ اچھا رہا ہے،عبدالکریم نوشیروانی

منگل 3 نومبر 2015 23:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3 نومبر۔2015ء ) مسلم لیگ (ق) کے رکن بلوچستان اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ انتہائی مثبت اور توقعات سے بھی زیادہ اچھا رہا ہے جمی کارٹر سے لے کر اوباما تک ہر مشکل وقت میں امریکہ نے پاکستان کا ساتھ دیا چاہے وہ جمہوری حکومت ہو یا آرمی حکومت اُمید ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھی وہ ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔

یہ بات اُنہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ آج پاکستان اور بھارت کے تعلقات جس طرح کشیدہ ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ کشمیر کا مسئلہ ہے اور اسی ایشو سے یہ تنازعات بڑھ رہے ہیں ہمیں اُمید ہے کہ امریکہ جس کی لابی میں دونوں ممالک ہیں اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنے میں مدد کرے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی ہمیشہ امریکہ کی خاطر قربانیاں دی ہیں خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جو کردار پاکستان نے ادا کیا وہ قابل تعریف ہے آج بھی پاکستان دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے اور پاکستان کی یہ خواہش ہے کہ وہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دے اور خطے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو کشیدگی ہے وہ ختم ہو وزیراعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں جس انداز میں پاکستان اور یہاں کے عوام کی ترجمانی کی ہے اور پاکستان کا کیس پیش کیا ہے وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔