غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کاسلسلہ شروع ہوتے ہی امیدوار وں کے حامی کارکن جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے ،انتخابی دفاتر اور مختلف شاہراہوں پر جمع ہو کر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے نعرے بازی کی جاتی رہی ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 23:54

لاہور/فیصل آباد/قصور/گجرات/لودھراں/اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31اکتوبر۔2015ء)پنجاب کے 12اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے اورغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کاسلسلہ شروع ہوتے ہی (ن) لیگ ،پی ٹی آئی اور آزاد امیدوار وں کے حامی کارکن جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے ،کارکن انتخابی دفاتر اور مختلف شاہراہوں پر جمع ہو کر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے نعرے بازی کرتے رہے ، کامیابی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اورآتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 12اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی کارکن اور سپورٹرز نئے جوش اور ولولے کے ساتھ باہر نکل آئے اور خوب جشن منایا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) ،تحریک انصاف کے امیدواروں کے حاجی کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے اورشاہراہوں پر ہلہ گلہ کرنے کے بعد انتخابی دفاتر میں پہنچ گئے جہاں پارٹی نغموں او ر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جاتے رہے ۔

میڈیا میں اپنی اپنی پارٹی کے حق غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ آتے ہی نعرے بازی کے ساتھ بھنگڑے ڈالنے کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا جبکہ مخالفت میں نتیجہ آنے پر خاموشی چھا جاتی ۔ کارکنوں کے جشن کی وجہ سے مرکزی شاہراہوں پرٹریفک کا نظام بھی جام ہوتا رہا جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حق میں فیصلہ آنے اورخوشی میں پیشگی مٹھائیاں بھی تقسیم کی جاتی رہیں جبکہ مکمل نتیجہ آنے کے بعد ایک دوسرے کو دوبارہ مٹھائیاں کھلائی گئیں۔ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے علاوہ آزاد امیدواروں کے حامیوں کی طرف سے بھی بھرپور جشن منایا جاتا رہا جبکہ پنجاب میں اس سارے عمل کے دوران پیپلز پارٹی نے مکمل خاموشی اختیار کئے رکھی