متاثرین زلزلہ کے لیئے کھانے پینے کی اشیاء ،ادویات، خیموں، کمبلوں، لحاف اور دیگر ضروری امدادی اشیاء پر مشتمل 50 ٹرک خیبر پختونخوا روانہ

منگل 27 اکتوبر 2015 23:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور اور پنجاب کے وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے کمشنر راولپنڈی زاہد سعید , ڈی سی او ساجد ظفر ڈال اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں متاثرین زلزلہ کے لیئے کھانے پینے کی اشیاء, ادویات, خیموں, کمبلوں, لحاف اور دیگر ضروری امدادی اشیاء پر مشتمل پچاس ٹرک خیبر پختونخواہ روانہ کر دیئے ہیں․ امدادی ساز و سامان کی یہ کھیپ منگل کو کمشنر آفس راولپنڈی سے روانہ کی گئی ․ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ 26 اکتوبر کے قیامت خیز زلزلے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر تمام متعلقہ محکموں نے ساری رات کام کر کے امدادی اشیاء کے پچاس ٹرک تیار کیے جو خیبر پختونخواہ کے زلزلہ زدگان کے لیئے روانہ کر دیئے گئے ہیں اور مالا کنڈ , دیر , سوات اور خیبر پختونخواہ کے دیگر متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی ریسکیو کی ضرورت ہے وہاں مقامی انتظامیہ کے توسط سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے گا․ انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر دلی دکھ ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور جو لوگ اس سانحے میں زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج معالجے میں مکمل تعاون کیا جائے گا․ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی , ریسکیو 1122 , محکمہ صحت , محکمہ خوراک اور دیگر اداروں کی طرف سے امدادی ٹیمیں اس قافلے میں شامل ہیں جو خیبر پختونخواہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں خدمات سرانجام دیں گی ․ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر ٹیمیں تشکیل دے کر انہیں پشاور روانہ کیا گیا ہے تاکہ فوری طور پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا جا سکے ․ راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے خیبر پختونخواہ کے زلزلہ زدگان کے لیئے بھیجے جانے سامان میں دس ہزارٹینٹ, دس ہزار کمبل , دس ہزار فوڈ ہیمپرز شامل ہیں اور پانچ ٹرکوں پر بیس کلو وزنی آٹے کے اڑھائی ہزار تھیلے بھی متاثرین کے لیئے روانہ کیے گئے ہیں انہو ں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے 65 ریسکیو یونٹ بھی خیبر پختونخواہ میں ہنگامی کاروائیوں میں حصہ لیں گے ․ انہو ں نے بتایا کہ راولپنڈی کے تین ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹروں, نرسنگ , پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیمیں ادویات اور ضروری ساز و سامان کے ساتھ پشاور روانہ کی گئی ہیں․ جو زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں گی․ کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے اس موقع پربتایا کہ زلزلہ سے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس مکمل طور پر محفوظ رہی ہے اور ماہرین نے میٹرو کے تمام روٹ کی اچھی طرح جانچ پڑتال کی ہے اور اس روٹ کو ہر طرح سے محفوظ قرار دیا گیا ہے ․ اسی وجہ سے اس روٹ پر گزشتہ روز سے میٹرو بسیں کسی رکاوٹ کے بغیر چل رہی ہیں․

متعلقہ عنوان :