وہاب ،یاسر اور بلے بازوں نے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 20:19

وہاب ،یاسر اور بلے بازوں نے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ..

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار24اکتوبر۔2015ء ) پاکستان نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بہترین بیٹنگ کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنالئے جس کے بعد اسے مہمان انگلینڈ پر 358 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 242 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد قومی ٹیم کو مہمان ٹیم پر 136 رنز کی برتری حاصل ہوئی جب کہ دوسری اننگز میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر222 رنز بنالئے جس کے بعد اسے مہمان ٹیم پر358 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ۔

کپتان مصباح الحق 87 اور یونس خان 71 رنز کے ساتھ کریز پرموجود ہیں اور دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ پر 139 رنز کی شراکت قائم کی جب کہ محمد حفیظ 51، شعیب ملک 7 اورشان مسعود ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 2 اور جیمز اینڈریسن نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل تیسرے روز کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے اپنی نامکمل اننگز 182 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا ، جو روٹ 76 اور جونی بیئرسٹو 27 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ، ٹیم کا مجموعہ 206 تک پہنچا تو روٹ 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنیوالے بلے باز بین سٹوکس 4 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کوئی انگلش بلے باز زیادہ دیر کریز پر کھڑا نہ رہ سکا ، جونی بیئرسٹو 46 ، اینڈرسن 4 ، مارک ووڈ ایک ، جوز بٹلر اور عادل رشید بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے 4،4 اور عمران خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پرمشتمل سیریزکھیلی جارہی ہے اور پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا ۔