اسوة شبیری امت کے وسیع تر مفاد کے لیے سربکف ہونے کا درس دیتاہے، ماہ محرم اور یوم عاشور باعث حرمت ہے اور اس کی حرمت قبل از اسلام سے ہے تاہم اسلام کی آمد کے بعد اس مہینے کو مزید حرمت ملی ، اس کی عظمت میں مزید اضافہ ہوا ،یوم عاشور مسلمانان عالم کو ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردارمحمد یوسف کا پیغام

جمعہ 23 اکتوبر 2015 14:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردارمحمد یوسف نے یوم عاشور کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہاہے کہ ماہ محرم اور یوم عاشور باعث حرمت ہے اور اس کی حرمت قبل از اسلام سے ہے تاہم اسلام کی آمد کے بعد اس مہینے کو مزید حرمت ملی جبکہ اس کی عظمت میں مزید اضافہ ہوا ۔

یوم عاشور مسلمانان عالم کو ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ۔گزشتہ روز یہاں سے جاری ہونے والے پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتاہے اور یہ تجدید عہد کا دن ہے،نواسہ رسولﷺ کی قربانی اور واقعہ کربلا ہمیں حق کی سربلندی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے اور اسی جذبے اور طرز عمل کو تاریخ نے اسوة شبیری کے نام سے موسوم کیاہے ،اسوة شبیری ہمیں اپنی ذات سے بالاترہوکر امت کے وسیع تر مفاد کے لیے سربکف ہوجانے کا درس دیتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج دہشت گردی ،فرقہ واریت اور افراتفری کے دور میں مملکت خداداد پاکستان میں ہمیں قربانی کے اسی جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جو دلوں سے فرقہ وارانہ بغض اور عناد مٹاکر باہمی اتفاق اور اتحاد کی کونپلیں پروان چڑھائے۔آج کا دن اس عہد کا دن ہے کہ ہم اسوة حسینی کی پیروی کرتے ہوئے صبر و برداشت ، رواداری اور اتحاد و اتفاق کا علم بلند کریں تاکہ سرزمین پاکستان کی بقا کو یقینی بنایا جاسکے۔