پا ک بھا رت کشیدگی باعث تشویش ہے۔بان کی مون

جمعرات 22 اکتوبر 2015 12:09

پا ک بھا رت کشیدگی باعث تشویش ہے۔بان کی مون

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے حل طلب دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فکر مندی ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان درخواست کریں تو وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بانکی مون نے بھارت اور پاکستان کو کشیدگی پر قابو پانے کا مشورہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک اس مقصد کیلئے مذاکراتی عمل بحال کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرہان حق نے نیویارک میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کے سربراہ کے موقف کی وضاحت کی۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ بانکی مون دونوں ملکوں کو تعلقات کی بحالی کیلئے کیا مشورہ دیتے ہیں اور کیا وہ اس سلسلے میں کوئی کردار ادا کریں گے؟فرہان حق نے کہاکہ جس طرح اقوام متحدہ کا ادارہ کام کرتا ہے ، دونوں فریقین کی طرف سے باضابطہ درخواست موصول ہونی چاہئے۔

مسئلہ کشمیر کے بارے میں ان کا کہنا تھاکہ بان کی مون ماضی میں بھی تنازعہ کشمیر کا ذکر کرتے آئے ہیں، وہ اب بھی فکر مند ہیں اور اس پر ہمارے پاس کوئی نئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکریٹری جنرل نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اور تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں جوہری طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دونوں ملکوں کے درمیان تمام تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے اور اسکے لئے دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔نائب ترجمان نے بتایاکہ ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت پر امن مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے موجودہ صورتحال کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیاسیکریٹری جنرل تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارت پر زور دیں گے؟ تو فرہان حق نے کہاامید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی قیادت بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے گی۔