پاکستان سے ڈو مور کہنے کا وقت ختم ہوگیا ، اب دنیا کو پاکستان کے لیے ڈومور کرنا ہوگا

سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی واشنگٹن میں میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 22 اکتوبر 2015 11:07

پاکستان سے ڈو مور کہنے کا وقت ختم ہوگیا ، اب دنیا کو پاکستان کے لیے ڈومور ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان سے ڈو مور کہنے کا وقت ختم ہوگیا ، اب دنیا کو پاکستان کے لیے ڈومور کرنا ہوگا، وزیراعظم کے دورہ امریکا کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا ہے،پاکستان میں بھارتی مداخلت کے 3 ڈوزئر امریکہ کو دے دیے،پاکستان کا جوہری پروگرام قومی سلامتی کے لئے ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران اعزاز چوہدری نے وزیراعظم کی امریکی حکام سے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دورہ امریکا کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان نیوکلیئر سیفٹی اورسیکیورٹی سے متعلق تعاون جاری رہے گا تاہم جوہری معاملات پر امریکا سے کوئی ڈیل نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے امریکی حکام سے ملاقات میں انھیں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ پاکستان نے کن مشکلات کے باوجود یہ جنگ لڑی ہے۔اعزاز چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر بھی امریکی حکام سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دینے کے لیے پاکستان پْرعزم ہے۔

پریس بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے امریکی ایوان نمائندگان،سینیٹ کمیٹی کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کا مو قف ان کے سامنے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ جان کیری سے ملاقات میں ،پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کردئیے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات انتہائی مثبت رہی۔

ملاقات میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا ۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا کہ جوہری ہتھیار پاکستان کی حفاظت کیلئے ہیں۔ بھارت کی طرف سے جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان کی سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی اور نہ ہی کسی اور ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونی چاہیے۔ اعزاز چودھری نے کہا افغان حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کیا ہے، افغانستان میں امن سے خطے میں امن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :