پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا رہے ہیں، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،وزیراعظم ، وزیراعظم نواز شریف سے امریکی وزیر خزانہ کی ملاقات،اقتصادی شعبے میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 22 اکتوبر 2015 00:06

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف سے امریکی وزیر خزانہ جیک لیو نے ملاقات کی جس میں اقتصادی شعبے میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو واشنگٹن میں وزیراعظم نوازشریف نے امریکی وزیر خزانہ جیک لیو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

ملاقات میں اقتصادی شعبے میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا رہے ہیں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کے مثبت اشاروں پر روشنی ڈالی جنھیں آزاد بین الاقومی اداروں سمیت ریٹنگ ایجنسیوں کی طرف سے تسلیم کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے توانائی ،ٹیکسیشن،نجکاری اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کو لاگو کرنے کے حکومتی عزم کااظہار کیا۔جیک لیو نے پاکستانی حکومت کی اقتصادی پالیسوں کو سراہا جن کی وجہ سے جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے ۔وزیراعظم نے جیک لیو کی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے ذاتی کاوشیں کی تعریف کی ۔جیک لیو نے نے مالیاتی دائرہ اقتدار میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا جس کے باعث پاکستان کو فنانشل ٹاسک فورس جو کہ بین الاقوامی مالیاتی تعاون کی مانیٹرنگ کرتا ہے، کی فہرست سے خارج کرنے میں مدد ملی۔