دہشت گردی پوری دنیا کیلئے مشترکہ چیلنج ہے ، پاکستان اور امریکہ کا مل کر نمٹنے پر اتفاق

عالمی امن او ر سلامتی کو درپیش ابھرتے خطرات سے نمٹنے کیلئے خطے کے ممالک مابین مربوط تعاون پر زور ، امریکہ کا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار، پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہرقسم کے تعاو ن کی یقین دہانی، پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت امریکہ کے حوالے کیے

بدھ 21 اکتوبر 2015 22:33

دہشت گردی پوری دنیا کیلئے مشترکہ چیلنج ہے ، پاکستان اور امریکہ کا مل ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) پاکستان اور امریکہ نے دہشت گردی کو خطے اور پوری دنیا کیلئے مشترکہ چیلنج قرار دیتے ہوئے اس سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا ہے اور کہاہے کہ عالمی امن او ر سلامتی کو درپیش ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان مربوط تعاون ضروری ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہرقسم کے تعاو ن کی یقین دہانی کرادی، پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت امریکہ کو حوالے کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی ایجنسیاں پاکستان میں عدم استحکام پید اکرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔

یہ اتفاق بدھ کو یہاں بلیئر ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے یہاں وفود کے ہمراہ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان طویل اور خوشگوار تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا اور تمام باہمی مفاد کے امور پر اعلیٰ سطحی روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کو اپنی حکومت کے گزشتہ دوسالوں کے دوران حاصل کامیابیوں خصوصی طور پر معیشت اور اندرونی سلامتی کے شعبے کے حوالے سے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ اس دوران امریکی وزیرخارجہ نے انہیں یقین دلایا کہ امریکہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں اطراف سے خطے میں امن اور سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کیلئے مشترکہ چیلنج ہے اور اس سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیرخارجہ کو پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے بارے میں آگاہ کیااور نیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل کامیابیوں ، ان کے بہتر نتائج ، بہتر ہوتی ہوئی اندرونی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات بارے بھی بتایا ۔ملاقات میں یہ بات بھی کی گئی کہ پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے،اس دوران امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حاصل اہم کامیابیوں کی تعریف کی جو سرحدی علاقوں میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف شروع کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس مشترکہ مقصد کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اس کی ہر ممکن مدد و حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کا کردار افغانستان کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے،اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عالمی امن و سلامتی کو لاحق ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وفد کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ سیشن میں اپنے خطاب میں امن کے حوالے سے دیئے گئے چار نکاتی فارمولے بارے آگاہ کیا اور جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے اپنے کردار کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے جان کیری کو افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہتری کیلئے کی گئی کوششوں بارے بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا چاہتا ہے اور وہ اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کو فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں عدم استحکام پھیلانے کی بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، اس دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے بھارت کی پاکستان کے اندر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پر مبنی 3ڈوزیئر بھی امریکی حکام کے حوالے کئے۔ ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف،وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی ، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کی