سانحہ منیٰ ‘ جاں بحق ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 102 تک پہنچ گئی ‘ 15 تاحال لاپتہ

جمعہ 16 اکتوبر 2015 14:57

سانحہ منیٰ ‘ جاں بحق ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 102 تک پہنچ گئی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء)سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 102 تک پہنچ گئی ہے ‘15 پاکستانی حجاج تاحال لاپتہ ہیں۔وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری نئی فہرست کے مطابق سانحے کے حوالے سے سعودی حکام نے اب تک 81 پاکستانی حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ‘ 21 کی تصدیق جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ داروں نے کی ‘لاپتہ پاکستانی حاجیوں کے حوالے سے نئی فہرست میں کہا گیا کہ 15 حجاج تاحال لاپتہ ہیں جن میں سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے ایک اور نجی طور پر جانے والے 8 حجاج شامل ہیں ‘ دیگر 6 لاپتہ حجاج اقامہ پر حج کے لیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سانحہ منیٰ کے دو روز بعد صرف 8 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی گزشتہ 22 روز کے دوران اس تعداد میں متواتر اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب 102 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ‘جاں بحق افراد میں اضافہ لاپتہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد ہو رہا ہے نجی ٹی وی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 15 حجاج کو شناخت کے بعد مکہ مکرمہ میں سپرخاک کردیا گیا۔

(جاری ہے)

سپردخاک کیے جانے والے حجاج میں کراچی سے تعلق رکھنے والے یامین، تاج مینا، بخت زمان خان، میر کاظم، عبد الغنی، اسکردو کے غلام محمد، عبد الرحیم، مکران کی عائشہ ندیم، جھنگ کے سراج الدین، گجرات کے اصغر علی، خالدہ بیگم، میر پورآزاد کشمیر کی سیدہ نرجیس شہناز، اپر دیر کی طاہرہ بیگم اور بنوں کی ایک خاتون شامل ہیں۔