برطانوی پولیس نے تھک ہار کر ہاتھ کھڑے کرلیے

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 14 اکتوبر 2015 00:09

برطانوی پولیس نے تھک ہار کر ہاتھ کھڑے کرلیے

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اکتوبر۔2015ء)پچھلے 3 سالوں سے میٹروپولیٹن پولیس سروس ایکواڈور کے سفارت خانے کے باہر 24 گھنٹے 7 دن موجود ہے۔ پولیس کو امید تھی کہ کبھی نہ کبھی ایکواڈور کے سفارت خانے میں موجود ویکی لیکس کا بانی جولین اسانج باہر آئے گا تو اسے پکڑ لے گی مگر جولیس اسانج 3 سال سے سفارت خانے میں ہی موجود ہے۔ اس عرصے میں برطانوی پولیس سفارت خانے کی ہر وقت نگرانی پر لاکھوں پاؤنڈ خرچ کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی پولیس کے مطابق 3سال کے دوران نگرانی کی مد میں 90 لاکھ پاؤنڈ خرچ کیے جاچکے ہیں، یعنی ایک دن میں 10500 پاؤنڈ۔ اب برطانوی پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ سفارت خانے کی ہر وقت نگرانی کا سلسلہ بند کیا جائےگا ۔اس سلسلے میں پولیس نے سفارت خانے کے باہر سے تمام گارڈز کو بھی ہٹا لیا ہے۔برطانوی پولیس نے وزارت داخلہ و خارجہ اور دولت مشترکہ کےافسران سے مل کر نیا لائحہ عمل طے کیا ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ اب سفارت خانے کے باہر ہروقت نگران کھڑے رکھنے کی بجائے کچھ خفیہ اور دوسرے طریقوں سے نگرانی کی جائے گی۔