رشید گوڈیل حملہ کیس کے ملزمان پکڑلئے گئے ہیں۔ سانحہ صفورا کے بعد یہ پولیس کی دوسری بڑی کامیابی ہے، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی

محرم الحرام کے جلوسوں میں سندھ پولیس کے 34 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ آرمی چیف کی جانب سے 500 بلٹ پروف جیکٹ پولیس کو فراہم کردی گئی لیاری گینگ وار کے 186 کارندے مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے، سندھ کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ

منگل 13 اکتوبر 2015 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل حملہ کیس کے ملزمان پکڑلئے گئے ہیں۔ سانحہ صفورا کے بعد یہ پولیس کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔ وہ پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس کے موقع پر کابینہ کو بریفنگ دے رہے ہیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ لیاری گینگ وار کے 186 کارندے مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔ آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کی سیکورٹی کے حوالے سے سندھ پولیس نے 8 ڈرون سرویلنس کیمرے خریدے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرون کیمرے محرم کے جلوسوں اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں استعمال کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں میں سندھ پولیس کے 34 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ آرمی چیف کی جانب سے 500 بلٹ پروف جیکٹ پولیس کو فراہم کردی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں سندھ کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ گندم فروخت کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ گندم مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :