سردار ایاز صادق کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے،عوام نے دھاندلی کے الزامات کے ذریعے انارکی پھیلانے والوں کو بے نقاب کردیا،مسلم لیگ(ن) ضمنی انتخابات کی طرح آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام آبادمیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی

ممبر بلدیاتی پارلیمانی بورڈ مسلم لیگ(ن) اسلام آبادسردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ

منگل 13 اکتوبر 2015 23:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آباد سیکرٹری بلدیاتی پارلیمانی بورڈ سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ نے این اے 122میں سردار ایاز صادق کو ضمنی الیکشن جیتنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ان کی جیت درحقیقت پاکستان مسلم لیگ(ن)کی شفاف اور اصولی سیاست کی جیت اور جمہوریت کی فتح ہے، لاہور کی زندہ دل اور باشعور عوام نے دھاندلی کے بے بنیاد الزامات کے ذریعہ ملک میں انارکی پھیلانے والوں کو بے نقاب کردیاہے- منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دھاندلی کے الزامات کا پول کھول دیاہے،س الیکشن سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ملک دوست پالیسیوں سے مطمئن ہیں اور ترقی و خوشحالی کے جس سفر کا آغاز وزیراعظم میاں نوازشریف نے کیا ہے اسے جاری و ساری دیکھنا چاہتے ہیں-اپنے بیان میں سردار مہتاب احمد خان نے کہاکہ تحریک انصاف نے اسلام آبادمیں دھرنا دے کر ملک کو معاشی طورپر نقصان پہنچایا اور بعد میں دھاندلی کا راگ آلاپ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی مگر عوام مخالف ایجنڈے پر کام کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی اور عوام کی خدمت کرنے والوں کو فتح ملی- انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو کامیابی ملی ہے اور اب مسلم لیگ(ن) مزید یکسوئی کے ساتھ عوام کی فلاح کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی-مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ عوام کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کریں اور ہٹ دھرمی ،الزامات اور گلی محلوں ،سڑکوں کی سیاست چھوڑ کر ایوان میں آئیں اور جمہوری روایات کے مطابق اپوزیشن کا کردار اداکریں،عمران خان کے دھرنوں اور الزامات کی سیاست سے پہلے ہی ملک و قوم کا بہت سارا وقت او رپیسہ ضائع ہوچکا-سردار مہتاب احمد خان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ضمنی انتخابات کی طرح آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام آباد سمیت پورے پنجاب سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،مخالفین نے مسلم لیگ(ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث منفی پروپیگنڈے شروع کردئیے ہیں لیکن آئندہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جیت یقینی ہے۔