محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد اور لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی،مساجد ، امام بارگاہوں اور جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر کی صدارت اجلاس میں فیصلے

منگل 13 اکتوبر 2015 23:05

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، مساجد ، اما م بارگاہوں ، مجالس اور عبادت گاہوں کے لئے سیکورٹی کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا او ر اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، انتظامیہ ، ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی ، ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قائم مقام وقاص رشید ، ٹریفک پولیس، انجمن تاجران نمائندوں ، آئیسکو، اور سی ڈی اے کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جلوس کے اوقات کار اور مقررہ روٹس کی مکمل پابندی کی جائے گی ۔ ایسی تقاریر سے گریز کیا جائے گا جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔لاوڈ اسپیکر قانون کی پابندی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ضابطہ اخلاق کی پابندی کی جائے گی۔ مجسٹریٹس ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز عبادت گاہوں ، امام بارگاہوں اور مجالس کے لئے سیکورٹی انتظامات کی چیکنگ کے لئے مشترکہ گشت کرینگے او ر مساجد کمیٹیوں اور منتظمیں جلوس و مجالس کے ساتھ رابطے میں رہیں گے ۔

سی ڈی اے اور آئیسیکو محرم الحرام کے دوران مساجد ، امام بارگاہوں اور جلوس ومجالس کے لئے اسٹریٹ لائیٹس کے خصوصی انتظامات کریں گے ۔ سی ڈی اے کا متعلقہ عملہ جلوس کے لئے واٹر ٹینکر، فائربریگیڈ اور ایمبو لینس گاڑیاں بھی فراہم کرے گا اور جلوس کے راستوں کی صفائی کے انتطامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لئے مساجد کمیٹیوں کے اجلاس تھانے کی سطح پر منعقد کئے جارہے ہیں ۔

متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے ایس ڈی پی اوز اور منتظمیں مجالس اور جلوس کے ہمراہ مقررہ روٹس کا معائنہ کیا ہے اور ضروری سیکورٹی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ جلو س کی نگرانی کیمروں سے ہو گی ۔ چیکنگ کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس استعمال ہونگے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انتظامیہ کا کنٹرول روم راونڈ دی کلاک کام کرے گا ۔علماء کرام نے یقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران مکمل امن وامان ، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جائے گی اور سیکورٹی کے لئے انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کیا جائے گا

متعلقہ عنوان :